جمعیت روشن مستقبل کی نوید ہے,محمد حسین محنتی کا 75 ویں یوم تاسیس پر پیغام


کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمعیت روشن مستقبل کی نوید ہے جو تعلیم کے ساتھ تعلیمی اداروں میں تعلیمی ماحول اور نوجوانوں کی کردار سازی کا فریضہ بھی سرانجام دے رہے ہیں۔

اسلامی جمعیت طلبہ کے 75ویں یوم تاسیس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہاکہ23دسمبر1947کو لاہور میں چند صالح اور پرامن نوجوان جمع ہوئے اور انہوں نے مشورہ کرکے فیصلہ کیا کہ ہم پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے اور دینی تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے اسلامی جمعیت طلبہ کے نام سے ایک تنظیم کی بنیاد رکھی اس تنظیم نے پورے ملک سے نوجوانوں کو اپنی جانب مائل کیا، تعلمی اداروں میں دینی کام کیا ،تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا، اسلامی جمعیت طلبہ نے تعلیمی اداروں میں جمہوری انداز میں الیکشن میں حصہ لیا اور بھرپور کامیابی حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ جمہوریت کی نرسری اور نوجوانوں کو دینی اور تعلیمی تربیت دینے کا ادارہ ہے، جمعیت سے وابستہ طلباءآج ملک کے مختلف اداروں اور سیاسی جماعتوں میں بہترین کردار ادا کررہے ہیں۔اسلامی جمعیت طلبہ کی بدولت پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور اسلامی انقلاب کی منزل ان شاءاللہ زیادہ دور نہیں ایک وقت ضرور آئے گا کہ یہ پاکستان اسلام اور اسلامی انقلاب سے ہمکنار ہوگا، میں نوجوانوں کو مشورہ دوں گا کہ وہ دنیا اور آخرت کی کامیابی کیلئے اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوں۔ان شاءاللہ اسلامی جمعیت طلبہ مزید ترقی اور پھلنے پھولنے کا موقع حاصل کرے گی اور اسکے ذریعے سے پاکستان کی ترقی اور اسلامی انقلاب کی راہیں کھولے گا۔