راجن پور(صباح نیوز)راجن پور کے دریائی کچہ کے علاقہ میں پولیس آپریشن 36ویں روز بھی جاری رہا جہاں پولیس نے پٹ گینگ کی جانب سے تاوان کے لئے اغوا بزرگ شہری بازیاب کرا لیا۔
تحصیل روجہان کے دریائی کچہ کے علاقہ میں پولیس کا آپریشن 36 ویںروز بھی جاری رہا جہاں پر بد نام خطرناک گینگ قتل، اغوا، ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
پولیس گینگ کی کمین گاہوں پر قبضہ کرنے اور چیک پوسٹ بنانے کے بعد دریائی علاقہ جند واہ میں داخل ہوگئی ۔پولیس نے پٹ گینگ کی زیرحراست بزرگ شہری کو بازیاب کرا لیا، بزرگ شہری پر تشدد کی ویڈیو گزشتہ روز پٹ گینگ نے وائرل کی تھی۔ بستی گورا عمرانی اور وقار عمرانی کو قبضہ میں لے لیا گیا۔
پولیس نے کچہ رجوانی میں قابل سکھانی کے رائٹ ونگ شبیر لٹھانی کا ٹھکانہ جلا دیا ۔آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد حسین اور ڈی پی او مہرناصر سیال کے مطابق اب تک اس علاقے میں پولیس کو بڑی کامیابیاں مل چکی ہیں، 7 ڈاکو ہلاک، 23 زخمی جبکہ انہیں پناہ دینے اور مخبری کرنے والے 23 سہولت کار گرفتار کئے گئے۔
مزید بتایا کہ بھاگنے والے پٹ گینگ کی کمین گاہوں کو مسمار کیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ارکان کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔ دریائی کچہ کے علاقہ میں اب معمولات زندگی لوٹنے لگے ۔