آئندہ عام انتخابات میں سونامی سرکار کا دھڑن تختہ ہوجائے گا، کاشف سعید شیخ


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ کے پی میں بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی بدترین شکست حکمران جماعت کیلئے نوشہ دیوار ہے، گذشتہ ساڑھے تین سالوں میں عوام کا تیل نکالنے والے حکمرانوں کو خیبرپختونخوا کے عوام نے سبق سکھادیا ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی اور عوام کو مہنگائی کی سونامی میں ڈبونے والے حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے۔ جماعت اسلامی سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں ہر ڈویزن میں لوکل سطح پرمو ئثرافراد کو جماعت اسلامی میں شامل کرکے بھرپور مقابلہ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی پولیٹیکل سیکٹری سید اسد عباس نقوی، سیکریٹری جنرل وحدت المسلمین سندھ سید باقر حسین زیدی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، دونوں رہنماﺅں نے ملکی، صوبائی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پرضلعی امیر قاری ابو زبیر جکھروودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اتحاد بین المسلین اور مذہبی ہم آہنگی کی داعی ہے کسی فرد یا گروہ کو رنگ نسل اور مذھب کی آڑ میں فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سیالکوٹ سانحے کے بعد دینی جماعتوں کی آزمائش ہے کہ وہ ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، پی ٹی آئی کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج 22 کروڑ عوام شدید مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں،

ان کا کہنا تھا کہ کے پی الیکشن باقی ماندہ صوبوں اور وفاق میں بلدیاتی الیکشن میں بھی حکمران جماعت کیلئے شکست فاش کا سبب بنے گی، آئندہ عام انتخابات میں سونامی سرکار کا دھڑن تختہ ہوجائے گا، سونامی تباہی کا باعث بنتی ہے اور موجودہ پی ٹی آئی سرکار نے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں ملک کو مہنگائی، کرپشن، بدترین حکومت کے ذریعے تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔دونوں رہنماﺅں نے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں لاڑکانہ ڈویزن سمیت سندھ بھر میںایکدوسرے کے ساتھ تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ۔