وزیر خزانہ سے چین کے قائم مقام سفیر کی ملاقات،باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کی قائم مقام سفیر پینگ چنکسو نے منگل کوفنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تاریخی دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور متعدد محاذوں پر چین کی پاکستان کے لیے حمایت کو سراہا۔

انہوں نے اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پینگ چنکسو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو چینی حکومت کی جانب سے مسلسل حمایت کی ضمانت دی۔ دونوں فریقوں نے موجودہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے خاص طور پر دونوں ممالک کے لیے دستیاب مختلف طریقوں بارے تبادلہ خیال کیا۔ملاقاتوں میں پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں اور پروگراموں پر ہونے والی پیش رفت بارے بھی بات ہوئی۔

پینگ چنکسو نے زراعت، صنعت، آئی ٹی اور خدمات کے شعبے کے حوالے سے بھی پاکستان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چین خطے میں معاشی خوشحالی لانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ وزیر خزانہ نے چین کی قیادت سے پاکستان کو ملنے والی حمایت اور تعاون کے لیے پینگ چنکسو کی خدمات کو سراہا۔۔