وزیراعظم شہباز شریف کی قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی تعریف کی۔شہباز شریف نے خصوصی طور پر کپتان بابر اعظم کی شاندار کارکردگی پر روشنی ڈالی جنہوں نے نہ صرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ کم سے کم وقت میں ون ڈے انٹرنیشنلز میں 5000 رنز تک پہنچنے کا شاندار سنگ میل بھی حاصل کیا، جو قوم کے لیے بڑا اعزاز ہے۔

وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا ‘آج کا دن بہت اچھا ہے کیونکہ پاکستان او ڈی آئی کرکٹ ٹیم کی درجہ بندی میں سرفہرست ہے، جس انداز میں گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے وہ بالکل شاندار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کپتان بابر اعظم قوم کا فخر ہیں  جنہوں نے ون ڈے میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کرنے اور پاکستان کرکٹ کو اس اعزاز تک پہنچانے کا کارنامہ انجام دیا۔نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار کارنامہ انجام دیا۔بابر نے صرف 97 اننگز میں 5000 ون ڈے رنز مکمل کرنے کا سنگ میل عبور کرتے ہوئے پچھلے ریکارڈ کو نمایاں فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔

اس سے بابر اعظم کی کامیابیوں کی فہرست میں اضافہ ہوتا ہے، کیونکہ اس سے قبل انہوں نے ویرات کوہلی کے تیز ترین 3000  T20I رنز کے عالمی ریکارڈ کی برابری کی تھی اور مشترکہ طور پر محمد رضوان کے ساتھ تیز ترین 2000 T20I رنز کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔اپنے ون ڈے کیریئر کے دوران بابر اعظم نے 17 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ہاشم آملہ کے تیز ترین 6000 ون ڈے رنز کا ریکارڈ توڑنے کے لیے انہیں اگلے 1000 رنز 25 اننگز میں مکمل کرنے ہوں گے۔