خنجراب بارڈر پر سرحدی تجارت کا دوبارہ آغاز

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کاوشیں رنگ لے آئیں، خنجراب بارڈر پر سرحدی تجارت کا دوبارہ آغاز ہوگیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے چین کی حکومت سے خنجراب بارڈر پر پورے سال تجارت جاری رکھنے کا مطالبہ بھی منظور کروالیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب سفارتکاری کی بدولت چین نے برآمد ہونے والی مختلف مصنوعات پر سے عائد پابندیاں بھی ختم کردیں۔جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے خنجراب بارڈر پر تجارتی عمل کے پورے سال کے لئے آغاز اور عائد دیگر پابندیوں کے خاتمے پر گلگت بلتستان کے عوام کو مبارک باد دی ہے۔ پی پی پی میڈیاسیل کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق  پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے پی پی پی چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات کی۔امجد حسین ایڈووکیٹ نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کے حق میں گلگت بلتستان اسمبلی نے خنجراب بارڈر پر تجارت کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے قرارداد منظور کرلی۔

بلاول بھٹو زرداری سے گلگت بلتستان کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ  نے اظہار تشکر کیا ۔ امجد حسین ایڈووکیٹ نے وزیر خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خنجراب بارڈر سے تجارت کے دوبارہ آغاز اور اس کے پورے سال جاری رہنے کے عمل سے ملک کی مجموعی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔