اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی اور مالیاتی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ نیلور ہائٹس 1۔ پروجیکٹ کی بیلٹنگ 16 مئی 2023 کی بجائے 8 مئی 2023 سے پہلے مکمل کرائی جائے۔
یہ ہدایت انہوں نے اپنی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں سی ڈی اے کے سمندر پار پاکستانیوں کے منصوبوں کے بارے میں اجلاس میں دیں ۔اجلاس میں وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین سی ڈی اے، ممبر (پلاننگ اینڈ ڈیزائن) سی ڈی اے، اور فنانس ڈویڑن اور سی ڈی اے کے سینئر افسران شریک ہوئے ۔
اجلاس میں سی ڈی اے کی جانب سے بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کے لیے کیے گئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سی ڈی اے نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قلیل مدتی اور درمیانی مدت کے رہائشی منصوبے شروع کیے ہیں۔بتایا گیا کہ ان میں سے ایک ہائوسنگ پراجیکٹ نیلور ہائٹس۔ ون تکمیل کے مراحل میں ہے اور 2000 فلیٹس کے لیے 81 ممالک سے 6000 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی اور مالیاتی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کی اہمیت پر زور دیا اور سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے سی ڈی اے حکام کو مزید ہدایت کی کہ نیلور ہائٹس 1۔ پروجیکٹ جو کہ خصوصی طور پر سمندر پار پاکستانیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے،کی بیلٹنگ 16 مئی 2023 کی بجائے 8 مئی 2023 سے پہلے مکمل کرائی جائے ۔اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے کھلی نیلامی کی بنیاد پر کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ اگلے مرحلے میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے C-14 اور C-16 سیکٹرز میں پلاٹوں کی رجسٹریشن شروع ہو جائے گی اور سی ڈی اے میں سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے خصوصی سہولت ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کے لیے امریکی ڈالر میں رقم ادا کرنے والے سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید تقویت دی جا سکے۔ وزیر خزانہ نے سی ڈی اے حکام کو مزید ہدایت کی کہ فروخت اور خریداری کے عمل کے دوران سرمایہ کاروں کے لیے عوام دوست اور شفاف نظام کو برقرار رکھا جائے اور اس مقصد کے لیے تیار کئے گئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے سی ڈی اے حکام اور بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے درمیان بالمشافہ رابطے کو کم سے کم کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کری اور اوورسیز انکلیو کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے مئی 2023 کے وسط تک C-14 اور C-16 سیکٹرز میں پلاٹوں کی نیلامی کی سکیم تیار ہو جائے۔