حکومت بلدیاتی انتخابات کے نتائج روکنے کی سازش کررہی ہے،حافظ حمد اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو مسترد کردیا، صوبائی اور وفاقی حکومت بلدیاتی انتخابات کے نتائج روکنے کی سازش کررہی ہے، الیکشن کمیشن پشاور میئر کی کامیابی سمیت تمام کامیاب امیدواروں کا اعلان کرے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت نے ووٹ چوری کے لیے سرکاری وسائل استعمال کیے، خیبر پختونخوا کے عوام نے حکومت اور نوٹ کی طاقت کو شکست دی۔

انہوں نے کہا بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کو شرمناک اور عبرتناک شکست دیں گے۔کے پی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا، صوبائی اور وفاقی حکومت نے ووٹ چوری کرنے کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا۔

حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام اور مولانا فضل الرحمن کی سیاست ختم کرنے والوں کی بیساکھیوں پر کھڑی سیاست ختم ہونے والی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کی جھوٹی سیاست ، کرپٹ اور نااہل سرکار کا خاتمہ پورے ملک میں پی ڈی ایم کے ہاتھوں ہوگا۔