اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے کے اعلان پر کہا ہے کہ پاکستان میں مکمل طور پر انٹرنیشنل کرکٹ واپس آگئی ۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ نیوزی لینڈ 2ٹیسٹ،8ون ڈے، 5ٹی20کیلئے 2022اور 2023میں2بار پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا سن کر بہت اچھا لگا، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مکمل طور پر انٹرنیشنل کرکٹ واپس آگئی ہے ، آسٹریلیا کرکٹ ٹیم بھی 1998 کے بعد سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ایم سی سی، پی ایس ایل کی میزبانی بھی کی، پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، پاکستان نے41سال کے وقفے کے بعد یو این عالمی ماحولیاتی کانفرنس، او آئی سی کے غیرمعمولی اجلاس کی میزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2019میں ملکی سیاحوں کی آمد دگنی ہوگئی، دنیا کورونا مینجمنٹ، کلائمیٹ چینج، افغان انخلا ، آئی ٹی بوم پر ہماری کوششوں کا اعتراف کر رہی ہے۔