کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ قانون،پارلیمنٹ کی بالادستی ،جمہوریت کے استحکام اور اسلامی نظام کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ آمریت ،غیر جمہوری ہتھکنڈوں ،سازشوں ،بیرونی دبائو نے ملک وملت اور اداروں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پرامن جمہوری جدوجہد ،قانونی ضمانت سے محرومی کے حوالے سے قانون پر عمل درآمد نہ کرانابلوچستان میں حالات خراب کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہے مولانا کی رہائی کیلئے ہر قانونی جمہوری راستہ اپنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اداروں ،پارٹیوں ،افراد وقوموں کے درمیان تصفیہ ،راضی نامہ سمیت حالات کومعمول پر لانے کیلئے اقدامات کیے ہیں آئندہ بھی ہم عوام کی بہتری ،قانون وآئین پر عمل درآمد کیلئے جدوجہد مذاکرات بات چیت کا جمہوری راستہ اپنائیں گے ۔ایک دوسرے یا ایک دوسرے کی پارٹی بچانے ومفادات کے حصول کے بجائے ملک وملت عوام ،جمہوریت اوراداروں کو بچانے کی جدوجہد کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کیساتھ حکمرانوں کا رویہ ٹھیک نہیں ،بلوچستان کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں کے خلاف مولانا ہدایت الرحمان جمہوری جدوجہد کرکے حقوق مانگ رہے ہیں بدقسمتی ،حکومتی ناکامی اور مقتدرقوتوں وانصاف فراہم کرنے والوں کے غلط رویے کی وجہ سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ تین ماہ سے جرم بے گناہی میں جیل کے سلاخوں میں ہے ۔جبکہ اسی دوران بہت سے حقیقی مجرم آزادہوئے ۔انصاف کے اس غلط رویے کی وجہ سے عوام پریشان ،ردعمل اور احسان محرومی کا شکار ہیں عدل وانصاف کے قانونی راستے بند کرنے اورمذاکرات کے بجائے تشددطاقت اور پولیس گردی کے استعمال سے حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی ،بے روزگاری کی وجہ سے غربت ،جرائم اورمشکلات میں بدترین اضافہ ہواہے۔ملک کے حکمران صالح دیانت دار ہوتے تو حالات جلد ٹھیک ہوتے لیکن بدقسمتی سے یہاں حکمران ،لٹیرے ،قانونی مجرم مالامال وجرائم اورلوٹ مار میں آزادہیں جبکہ قانون کی پابندی ،جمہوری جدوجہدکرنے والوں کی راہ میں مشکلات پیداکی جارہی ہے قانونی جمہوری راستہ بندکرکے مقتدر قوتوں کا جمہوری لوگوں کو پہاڑوں کی طرف دھکیلنے کا رویہ ٹھیک نہیںیہ ملک وقوم کیلئے نقصان دہ ہے ۔عوام انصاف کے حصول ،اسلامی حکومت کے قیام ،خوشحال بلوچستان کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جن پر اعتمادکیا گیا وہ سب ناکام ،بدعنوان ثابت ہوئے جماعت اسلامی ہی واحد آپشن رہ گیاہے جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ بلوچستان کا ہیروومحسن ہے، محسنوں کو جھوٹے مقدمات میں قید وبندکرکے نفرت وتعصب اور ظلم وجبر کا بازارگرم کیا جارہا ہے، اصل مجرموں کو ناانصافی وپروپیگنڈے کی بنیاد پر ہیرو،قومی محسن مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کوجھوٹے مقدمات میں پھنساکر مجرم ،دہشت گردوشدت پسند پیش کررہے ہیں،شواہدوثبوت کو اہمیت نہ دیکر خدشات کی بنیاد پر فیصلے ،جج کو غیر حاضر وٹرانسفرکرنامناسب نہیں ۔جماعت اسلامی عوامی قوت وعدالتی شواہد ثبوتوں کی بنیادپر ظلم وجبر ،جھوٹے مقدمات کا عوامی عدالت میں مقابلہ کریگی۔