اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہوابازی کے شعبے میں بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور کوششوں کو سراہتے ہوئے پی آئی اے کی تنظیم نو کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں ایوی ایشن ڈویژن کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے
شہری ہوابازی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، سیکرٹری ایوی ایشن، معاون خصوصی طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور ایوی ایشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے وزیرخزانہ کو آئی ایف سی کے ساتھ ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں کی آٹ سورسنگ معاہدے سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں پی آئی اے کی تنظیم نو میں ایوی ایشن کے حکام کو درپیش قانونی اور مالیاتی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں دستیاب امکانات اور مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ایوی ایشن کے شعبے میں بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور کوششوں کو سراہا اور پی آئی اے کی تنظیم نو کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں ایوی ایشن ڈویژن کی ہر ممکن تعاون کایقین دلایا ۔۔