الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی میں200 سے زائد فوڈ پیکجز تقسیم کر دیے گئے


لاہور( صباح نیوز )الخدمت فاؤنڈیشن  پاکستان اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ سالوں کی طرح   رواں رمضان  بھی ملک بھر میں نادار اور سفید پوش طبقے کو فوڈ پیکج تقسیم کر رہی ہے۔ اسی سلسے میں الخدمت کی جانب سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے خواجہ سراؤں میں بھی فوڈ پیکج تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی میں200 سے زائد فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے۔

اِس حوالے سے منعقدہ تقریب میں  الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری،سنیئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی  اور خواجہ سرا کمیونٹی   کی سربراہ سونیا ناز  سمیت خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے افراد نے  بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سید وقاص جعفری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سرا   اس معاشرے کا حساس طبقہ ہے جو بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ اس نادار طبقے کا خیال رکھنا اور ان سے عزت کے ساتھ پیش آنا انکے حقوق میں شامل ہے۔ الخدمت  خواجہ سرا کمیونٹی  کی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہے۔ جلد اس کمیونٹی کے لیے سکل ڈویلپمینٹ اور خود روزگار سکیم متعا رف کروا رہے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ الخدمت اِس رمضان میں سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں دو لاکھ نادار اور سفید پوش خاندانوں میں راشن تقسیم کر رہا ہے۔ اِس راشن پیک میں آٹا، چاول،گھی،چینی، چائے، کھجوریں،دالیں اور دیگر اشیائے خودونوش شامل ہیں اور یہ تقسیم رمضان کے اوائل سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی سے  ملک بھر میں نادار اور سفید پوش طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔ الخدمت کے فوڈ پیکج تقسیم کا مقصد معاشرے کے محروم اور نادار طبقے کو بھی رمضان کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے،اِن کا بوجھ کم کرنا ہے تاکہ وہ بھی سہولت سے روزے رکھ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ الخدمت رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں سحرو افظار کا اہتمام کر رہی ہے۔ جبکہ الخدمت کے تحت ملک بھر میں رمضان المبارک کے موقع پر سستے تندوربھی لگائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو آدھی قیمت پر روٹی فراہم کی جا رہی ہے۔