لاہور (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہمارے گیس کے قدرتی ذخائر 9 فیصد سالانہ کے حساب سے کم ہو رہے ہیں۔
لاہور سے جاری کئے گئے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ ملک میں گیس کی ڈیمانڈ ہر روز بڑھ رہی ہے، ماضی میں سیاسی بنیادوں پر گیس کنکشن دئیے جاتے رہے ہیں۔حماد اظہر نے کہا کہ توانائی کی طلب اور رسد میں توازن لانے کے لیے متبادل ذرائع کی طرف جانا پڑے گا، گیس کا بے دریغ استعمال نہ روکا گیا تو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں دنیا کا سب سے بڑا ڈومیسٹک گیس پائپ لائن نیٹ ورک ہے، سردیوں میں گیس کا گھریلو استعمال 5 گنا بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں میں گیس کی قلت کا ایل این جی کی درآمد سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔