سعودی وزیرخارجہ کا افغانستان کیلئے ایک ارب ریال امداد دینے کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز)سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے او آئی سی کے اجلاس میں افغانستان کے لئے ایک ارب ریال امداد دینے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اجلاس کے انعقاد اور بہترین انتظامات پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس نے کم ترین وقت میں اس اجلاس کا انعقاد کیا، اہم ترین اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، اجلاس میں شرکت پر او آئی سی سیکریٹری جنرل اور دیگر کے شکر گزار ہیں۔

افغانستان کے لئے ایک ارب ریال امداد کا اعلان کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان کے معاملے کو انسانی بنیادوں پر دیکھنا ہوگا، افغانستان میں خواتین، بچوں سمیت تمام عوام مشکلات کا شکار ہیں، افغانستان میں معاشی بحران مزید سنگین ہوسکتاہے، وہاں کے عوام ہماری مدد کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کیخواہاں ہیں، افغانستان میں کشیدہ صورتحال کے خطے اور دنیا پراثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔