سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اپنی خاموشی ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔
ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو روزانہ کی بنیاد پر قتل، گرفتار اور ظلم وتشددکانشانہ بنایا جاتاہے۔ نریندر مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ ظلم وتشدداور فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے سے روک نہیں سکتی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت وحشیانہ مظالم کے ذریعے کشمیری عوام کاگلا گھونٹ رہا ہے کیونکہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں بدترین ریاستی دہشت گردی کے ذریعے سیاسی مخالفین کی آواز دبا رہی ہے۔
حریت ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے قتل و غارت، جبری گرفتاریوں اورظلم و تشدد سمیت تمام وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف مودی سرکار نے بھارتی فوجیوں کو جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے تو دوسری طرف وہ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں کوکشمیریوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و بربریت کانشانہ بن رہے ہیں اوراگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے ان مظالم میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے