جموں و کشمیر کے الحاق کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ،محمود احمد ساغر

اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کے زیر اہتمام جمعرات کو یوم پاکستان پر منعقدہ سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ الحاق پاکستان کشمیریوں کا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک روزضرور پورا ہوگا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر کی زیر صدارت سیمینار  ہوا ،

اپنے خطاب میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاکہ 23مارچ کے دن کوتاریخ میں خصوصی حیثیت کا حامل ہے کیونکہ 1940میں اس دن لاہور میں ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 14 اگست1947کو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن پاکستان معرض وجود میں آیاتھا۔

انہوں نے پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے جس کی قیادت قائد اعظم محمد علی جناح نے کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے جموں وکشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا اور جموں و کشمیر کے الحاق کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔دیگر مقررین نے کہا کہ  مملکت خدادا پاکستان اللہ تعالی کا ایک تحفہ ہے اور کشمیری عوام ایک پرامن، مضبوط اور خوشحال پاکستان کیلئے دعا گو ہیں۔

مقررین نے کہاکہ کشمیری اور پاکستانی ایک قوم ہیں اور ان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں کیونکہ وہ مضبوط مذہبی، ثقافتی، جغرافیائی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہاکہ 3جون 1947کو برطانوی واسرائے نے جموںو کشمیر کوقدرتی طورپر پاکستان کا حصہ قراردیا تھا کیونکہ اس کی 80 فیصد آبادی مسلمان تھی ۔انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت کی کشمیریوں کی نمائندہ جماعت آل مسلم جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے ایک تاریخی قراردادبھی منظور کی تھی ۔

مقررین نے کہاکہ برطانوی سامراج اور ہندو قیادت نے جموںوکشمیر کو پاکستان سے جدا کرنے کیلئے ایک گہری سازش رچائی ۔ مقررین نے کہا کہ الحاق پاکستان کشمیریوں کا دیرینہ خواب ہے اور کشمیری اس مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔  پاکستان کشمیریوں کا حقیقی محسن اورسفیر ہے اور اسکی غیر متزلزل حمایت سے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔

مقررین نے کشمیریوں کی مسلسل سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ اداکیا۔   جبکہ پاکستان کی حکومت،عوام اورمسلح افواج کویوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے، اسے مسلم دنیا میں اہم سیاسی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے۔انہوںنے کہاکہ 23مارچ کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 83برس قبل اسی دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ ملک کے قیام کی تاریخی قرارداد منظورکی گئی تھی۔

مقررین نے  کہاکہ پاکستان دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جو واضح طورپر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہاکہ اسوقت ملت کشمیرکی نظریں پاکستان پرلگی ہوئی ہیںکہ وہ مظلوم عوام کی آواز بنے گااور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انکا حق خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گا۔

حریت رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف سید عاصم منیر کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت کے بروقت بیان سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیںاور جدوجہد آزادی کو نئی جہت ملی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس بیان سے بھارتی ایجنٹوں کے اس پروپیگنڈہ بھی بے نقاب ہوگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو 20سال کیلئے منجمدکردیاگیا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان نے ایک نظریاتی ریاست کی حیثیت سے ہمیشہ نہ صرف جموں و کشمیر کے عوام بلکہ دنیا بھر کے تمام مظلوم لوگوں کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے ظلم و تشدد کی تمام حدیں پار کر دی ہیں،کشمیری عوام اور حریت قیادت جیلوں اور گھروں میں قید ہے۔

لہذا یہ پاکستانی عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام عالمی فورموں پر کشمیریویں کی امنگوں کی نمائندگی کرے۔مقررین میں غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، محمد حسین خطیب، میر طاہر مسعود، شیخ عبدلمتین، امتیاز وانی،ایڈوکیٹ پرویز احمد، راجہ خادم حسین، محمد شفیع ڈار،شوکت حسین بٹ میں شامل تھے جبکہ شیخ محمد یعقوب، جاوید اقبال بٹ، داود یوسف زئی، شیخ عبدلالماجد، گلشن احمد، منظور احمد ڈار، زاہد صفی ، مشتاق احمد بٹ، عدیل مشتاق وانی ،عبدالمجیدلون، کفایت حسین رضوی، سید مشتاق،  نذیر احمد کرنائی، محمد اشرف ڈار، عمران قاضی،  اور دیگر نے شرکت کی۔