مظفرآباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹرین فورم کا وفد ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گیا۔ وفد کومسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔رکن قومی اسمبلی وصدر ینگ پارلیمنٹرین فورم سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹردنیال چوہدری،اراکین قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی، راجہ اسامہ اشفاق، کرن ڈار، ڈاکٹر شائستہ جدون پر مشتمل ینگ پارلیمنٹرینز فورم کا وفد مظفرآباد پہنچا ۔وفد نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا دورہ کیا۔ وفد نے اسپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور آزاد کشمیر کے نوجوان پارلیمنٹرینز سے ملاقاتیں کیں۔
اسپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے ینگ پارلیمنٹرین فورم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہر حکومت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ینگ پارلیمنٹرین مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے قومی اسمبلی سمیت ہر فورم کشمیریوں کی آواز اٹھائیں۔ اس موقع پر ینگ پارلیمنٹرینز کو قانون ساز اسمبلی کی تاریخ، اسمبلی کی نشستوں اور آئینی ترامیم کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وفد کو مسئلہ کشمیر، مقبوضہ جموں وکشمیر میںجاری انسانیت سوز مظالم اور آزاد کشمیر کی جغرافیائی صورت حال اور یہاں روزگار کے مواقعوں اور حل طلب مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ینگ پارلیمنٹرین فورم کے وفد کے اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔ کشمیر سے ہمارا بڑا گہرا تعلق اور فطری لگائوہے اور اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انٹر پارلیمنٹری کوآرڈینیشن اہم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی سمیت تمام معاملات میں باہمی اشتراک سے کام کریں گے۔ ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے وفد نے آزاد کشمیر کے ینگ پارلیمنٹرینز کو قومی اسمبلی کے دورے کی دعوت بھی دی۔