اسلام آباد(صباح نیوز) کیا نجی تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلبہ کو اسکالر شپ ملتی ہے؟ اس سوال کا جواب وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے دے دیا ہے۔
غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے لیے وزیر اعظم کی معاون ثانیہ نشتر نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر اسکالر شپس کے حوالے سے ایک خاتون کے سوال کے جواب میں کہا کہ پرائیویٹ پڑھنے والوں کو اسکالرشپ نہیں ملتی۔
ثانیہ نشتر نے ٹویٹ کے جواب میں لکھا محترمہ، بصد معذرت، پرائیویٹ یونیورسٹیاں احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا حصہ نہیں ہیں۔اپنے ٹوئٹر اکاونٹ کے ذریعے سائلین کے مسائل کے حل کے لیے جوابات دیتے ہوئے ثانیہ نشتر نے احساس ایمرجنسی کیش کی رقم کے حوالے سے بھی اہم نکتے کی وضاحت کر دی ہے ،
انھوں نے لکھا کہ بعض گھرانوں کو احساس ایمرجنسی کیش فیز دوئم کی یک وقتی امداد جاری ہوئی ہے۔ تاہم نئے سروے کے مطابق بعض گھرانے احساس کفالت کے لیے اہل قرار نہیں پائے، جن گھرانوں کا سروے میں غربت کا اسکور کفالت کے لیے مقرر کردہ اسکور کی حد سے زیادہ ہو، انھیں ایمرجنسی کیش کے لیے اہل نہیں سمجھا جاتا۔۔
احساس راشن رعایت میں کریانہ مالکان کے لیے بڑا اعلان
حکومت نے احساس راشن رعایت میں کریانہ مالکان کے لیے 8 فی صد کمیشن کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر ہی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں احساس راشن رعایت میں کریانہ مالکان کے لیے 8 فی صد کمیشن کی منظوری دی گئی ہے، کریانہ مالکان کو ہر سیل پر سبسڈی رقم کے ساتھ 8 فی صد کمیشن بھی دیا جائے گا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے بتایا کہ خصوصی راشن کمیشن کا مقصد کریانہ مالکان کی حوصلہ افزائی ہے، اس پروگرام پر عمل درآمد نیشنل بینک کے اشتراک سے ہو رہا ہے، کریانہ مالکان کوفی سہ ماہی بذریعہ قرعہ اندازی انعامات دیے جائیں گے۔
ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ انعامات میں گاڑیاں، موٹر سائیکلز، موبائل فونز اور دیگر اشیا شامل ہیں۔انھوں نے بتایا کریانہ مالکان کی رجسٹریشن بذریعہ ویب پورٹل جاری ہے، چھوٹے بڑے سب کریانہ مالکان اس پروگرام میں رجسٹر ہو سکتے ہیں، پروگرام میں شمولیت کے لیے کریانہ مالکان کا بینک اکاونٹ اور اینڈرائڈ فون ضروری ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ نیشنل بینک کی شاخوں میں کریانہ مالکان کے اکاونٹ کھولے جا رہے ہیں