مولانا ہدایت الرحمان بلوچ بہت جلد رہا اور حقوق کے حصول کی جدوجہد دوبارہ شروع کریں گے،مولانا عبدالحق ہاشمی

 کوئٹہ(صبا ح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ گوادر کی مائوں بہنوں نے حقوق کے حصول مسائل کے حل اورظلم وجبر کے خلاف مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی قیادت پر اعتماد کرکے انقلابی قدم اُٹھایا اب مولانا ہدایت الرحمان کی رہائی،جھوٹے مقدمات کے خاتمے کیلئے ہزاروں خواتین نے بچوں ماؤں وبہنوں کے ہمراہ نکل کر پرامن احتجاج کرکے تاریخ رقم کی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ بہت جلد رہا اور حقوق کے حصول کی جدوجہد دوبارہ شروع کریں گے ۔مولانا کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو قوم نے پہچان لیا آئندہ کسی بھی جھوٹے نعرے،دعوے ولولی پاپ سے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔ بلوچستان کے عوام سے اپنوں وغیروں کی مزید زیادتی ظلم وجبر ،لوٹ مار ،لاقانونیت ،بھتہ خوری وہر قسم کے غیر قانونی اقدامات برداشت نہیں کیا جائیگا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مولاناہدایت الرحمان بلوچ پرجھوٹے مقدمات،گرفتاری،دھرنے پر تشدد،خواتین کی بے حرمتی کے حوالے سے قومی میڈیا،قومی جماعتوں،منتخب نمائندوں ،ممبران اسمبلی اوربلوچستان کے قوم پرست ومذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ اورقابل مذمت ہے ۔ان کی خاموشی صرف ذاتی مفادات ،اسٹبلشمنٹ کو خوش کرنے اور سیاسی دکانداری خراب ہونے کی وجہ سے ہے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے مچھیروں ،تاجروں وعوام سے چیک پوسٹوں ،بارڈر وساحل پر بھتہ خوروںکیساتھ ملکرحصہ لینے والوں کو بے نقاب کردیا انشاء اللہ لٹیرے ،بھتہ خور ناکام اور مولانا ہدایت الرحمان بلو چ سرخرووکامیاب ہوں گے ۔

مولاناہدایت الرحمان بلوچ پر جھوٹے مقدمات بناکر ڈھائی ماہ سے پابندسلاسل رکھ کرکس کو خوش کیا جارہا ہے یہ سب ساحل پرٹرالرمافیا،بارڈروچیک پوسٹوں سے لاکھوں کروڑوں بھتہ لینے والوں کی سازشیں ہیں جووہ منتخب نمائندوں ،اسٹبلشمنٹ ومستردسیاستدانوں سے ملکر کر رہے ہیں ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے آئینی طریقے سے جمہوری جدوجہد کرتے ہوئے ساحل وبارڈر اور چیک پوسٹوں سے کروڑوں بھتہ وغنڈہ ٹیکس لینے والوں کی لوٹ مار میں رکاوٹ ڈالنے ،سازش کرنے والوں کی سازشیں ناکام بنانے کی جدوجہد شروع کیا ہے اورمچھیروں ،چھوٹے کاروباری حضرات ،تاجر برادری کے کاروباربچانے عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد کی انشاء اللہ عوامی قوت،جمہوری طریقے سے عوام کو حقوق دلاکر عوام دشمن لٹیروں کوناکام بنائیں گے