مجھے گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں ، عمران خان سے متعلق وائرل بیان پر شاہد آفریدی کی وضاحت


کراچی(صباح نیوز)پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں ، کچھ کہنا ہوگا تو خود کہوں گا، مجھے کہیں بھی دکھا دیں کہ میں نے عمران بھائی سے متعلق کوئی بات کی ہو۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق اپنے نام سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل بیان کی تردید کردی۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا کہ میں  دیکھ رہا ہوں کہ میرے نام سے منسوب ایک بیان عمران خان کے حوالے سے چل رہا ہے، یہ بہت افسوس کی خبر ہے، جو بھی یہ کررہا ہے وہ بہت گندی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔سابق کپتان نے کہا ‘میں ان کی سیاست میں نہ پڑنا چاہتا ہوں، نہ اس کا حصہ ہوں، الحمداللہ میری اتنی ہمت ہے کہ کچھ کہنا ہوگا تو خود کہوں گا، مجھے کہیں بھی دکھا دیں کہ میں نے عمران بھائی سے متعلق ایسی بات کی ہو۔

انہوں نے درخواست کی کہ برائے مہربانی مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں، آپ لوگوں کو آپ کی سیاست مبارک ہو،میرا یقین صرف ایک قسم کی سیاست پر ہے اور وہ عوام اور ملک کی خدمت کرنا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سے شاہد آفریدی کے نام سے منسوب ایک بیان وائرل ہے جس کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتاری دے دینی چاہیے تاکہ ملک سے مسائل میں کمی آسکے۔