کراچی (صبا ح نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔محمد رضوان ایک سال میں2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔
محمد رضوان 2021 میں 48 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل محمد رضوان نے ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔اس کے علاوہ محمد رضوان ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل چھکے لگانے والے پلیئر بھی بن گئے۔
محمد رضوان نے 2021 میں 42 چھکے لگائے۔محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں اسمتھ کو دسویں اوور میں چھکا لگاکر یہ سنگ میل عبور کیا۔اس سے قبل یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کے پاس تھا۔کیوی بیٹر نے سال 2021 میں ہی 41 چھکے لگاکر سال میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔