مانسہرہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابات کا بگل بج چکا ہے، لیکن ابہام اور بے یقینی ہے، آئین کے مطابق فیصلے نہ ہونے سے گورنرز، عبوری حکومتیں، الیکشن کمیشن، سول بیوروکریسی اور ملٹری اسٹبلشمنٹ اپنے آپ کو مزید متنازع اور بے اعتماد کررہی ہیں۔ صرف پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملکی استحکام کے لیے مضبوط بنیاد نہیں بن سکتے
مانسہرہ کے مقامی ہوٹل میں ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان کی اسمبلیاں تحلیل کرکے پورے ملک میں ایک ہی دن قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہونے چاہئیں، اگر اس بات پر اتفاق نہیں ہوتا تو عدالت، سول ملٹری اسٹبلشمنٹ یا اقتدار کے رسیا گروہ کو اس بات کا حق نہیں ہے کہ پاکستان کو آئین، جمہوریت اور ووٹ کے حق سے محروم کریں۔ اتحادی سیاست کی ناکامی نوشت دیوار ہے۔ اتحادوں کے پارٹنر چھوٹے چھوٹے مفادات پر سجدہ ریز ہوتے اور بڑے مفادات کا قتل کر دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی تمام تجربات کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ اللہ پر توکل کرتے ہوئے غلبہ دین کے لیے اپنے جھنڈے، نشان اور قیادت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ عالم اسلام کے لیے نیک شگون ہے۔ امید ہے دونوں ممالک کے تعلقات سے امت کے اندر اتفاق و اتحاد کے راستے نکلیں گے۔ انسانوں پر بالادستی کے لیے انسانوں کے قائم کردہ نظام ناکام ہوچکے ہیں۔ بے مقصد، بے اصول، مفادات پر مبنی سیاست اور قیادت بھی ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ جماعت اسلامی خلافت اور انسانوں کی فلاح و بہبود اور خیر کے نظام کی تشکیل کے لیے کام کررہی ہے۔ پاکستانی عوام اس میں ہمارا ساتھ دیں۔
ڈونرز کانفرنس سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، نائب امیر مولانا عبید الرحمن عباسی، امیر ضلع مانسہرہ ڈاکٹر طارق شیرازی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت کا واقعہ افسوسناک ہے، نگران حکومت اور پولیس ایک بات کررہی اور گھر کی چار دیواری میں بیٹھے عمران خان دوسری بات کررہے ہیں۔ دونوں میں سے کوئی ایک تو جھوٹ بول رہا ہے جس کی وجہ سے ملک ایک نئی ہیجانی کیفیت سے دوچار ہے۔ سچ کو منظر عام پر لانے کے لیے غیر جانبدار اور با اختیار جی آئی ٹی یا عدالتی کمیشن بنایا جائے جو نگران حکومت اور عمران خان کے موقف کا جائزہ لے اور جھوٹ بولنے والوں کو بے نقاب کرکے نشان عبرت بنائے۔
ڈونرز کانفرنس سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے لیکن نااہل اور چور حکمرانوں کی وجہ سے آئی ایم ایف اور عالمی ادارے ہمارے بازو مروڑ کر خطرناک شرائط تسلیم کروا رہے ہیں۔ ہمارے پاس زراعت، معدنیات، با صلاحیت افرادی قوت، گہرا پانی اور دوسرے وسائل موجود ہیں لیکن کرپشن، قرضوں اور بد انتظامی نے ہمارے ملک کو مفلوج کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سب سے چھٹکارا پانا ہوگا، پاکستان کو جماعت اسلامی ہی ترقی کے راستے پر گامزن کرسکتی ہے۔