وزیراعظم محمد شہباز شریف سے  امیر مقام کی ملاقات


لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مشیر برائے قومی ورثہ، ثقافت و سیاسی امور انجنیئر امیر مقام نے ملاقات کی،ملاقات میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں راہنماوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا میں عوامی رابطہ مہم کو تیز کیا جائے اور رابطوں کو موثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا ذمہ دارنہ استعمال کیا جائے۔وزیراعظم نے امیر مقام کی پارٹی کو نچلی سطح تک منظم کرنے کے لیے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔