اسٹیل ملز انتظامیہ ٹاؤن شپ کے گیس کنکشن مستقل بنیادوں پر بحال کرے. منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے مطالبہ کیاہے کہ اسٹیل ملز انتظامیہ ٹاؤن شپ کے گیس کنکشن مستقل بنیادوں پربحال کرے،سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے جزوی گیس بحالی کے باعث اسٹیل ٹاؤن شپ کے رہائشیوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ،حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں سے یوٹیلٹیز کی کٹوتی کے بعد گیس، بجلی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،گھریلو صارفین کو کمرشل بلز بھیجنا غیر قانونی اقدام ہے، اسٹیل ملز انتظامیہ فوری طور پر گھروں میں گیس کے میٹرز انسٹال کرکے رہائشیوں کو ڈومیسٹک کنکشن فراہم کرے،، اسٹیل ملز انتظامیہ ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، میڈیکل سہولیات بحال کرے،پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے۔ملازمین کے لیئے وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیئے رقم مختص کی جائے ۔ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی اور برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے۔ پرامن احتجاج ملازمین کا حق ہے جماعت اسلامی اسٹیل ملز کے مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے ہر طرح قانونی و سیاسی تعاون فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پاسلو یونین کے جنرل سکریٹری علی حیدر گبول کی قیادت میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفد میں انفارمیشن سکریٹری عمر احمد صدیقی اور فائنانس سکریٹری اسد حمید بھی شامل تھے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔وفد نے عبوری امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کو اسٹیل ملز کی موجودہ صورتحال، ملازمین کو درپیش مسائل بالخصوص اسٹیل ملز انتظامیہ کی جانب ٹاؤن شپ کی گیس کنکشن سمیت ملازمین کو درپیش مسائل پر آگاہ کیا۔ علی حیدر گبول نے منعم ظفر خان کو بتایا کہ اسٹیل مل ٹاؤن شپ میں ساڑھے چار ہزار گھر موجود ہیں ،سوئی سدرن گیس کی جانب سے گیس منقطع کردی جاتی ہے اور بھاری بھاری بلز بھیج دیے جاتے ہیں ، اسٹیل مل انتظامیہ حاضر سروسز ملازمین سے یوٹیلٹی چارجز کی مد میں وصولی کرلیتی ہے لیکن اس کے باوجود گیس منقطع کرنا اور بھاری بھاری بلز بھیجنا سراسر ظلم ہے ،انتظامیہ کی جانب سے حاضر سروسز ملازمین کو زور دیا جارہا ہے کہ وہ گیس سیلینڈر خرید کر استعمال کریں ، ساڑھے چار ہزار گھروں میں گیس سیلینڈر موجود ہوں گے تو یہ انتہائی خطرناک عمل ہوگا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ 2021سے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات نہیں ادا کیے جارہے ہیں ،ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح کے مطابق انتہائی کم ہے ، جس سے ایک فرد کی تنخواہ کا گزارا کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے ، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کیے جائیں ، ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے مطابق تنخواہ میں خاطر خواہ اضافے کو یقینی بنایا جائے ۔ اسٹیل ملز ملک کا قیمتی سرمایہ ہے جو حکمرانوں کی نااہلی کرپشن کے باعث بند ہوئی ہے، اسٹیل ملز کی نجکاری کے بجائے اس کی بحالی کے لیئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں ، اسٹیل ملز میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے کوئی سربراہ تعینات نہیں وفاقی حکومت اسٹیل ملز میں مستقل بنیادوں پر سربراہ تعینات کرے۔