ملک بھر میں کل کاروبار کھلے رہیں گے،کاشف چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمدکاشف چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ کل27 فروری سوموار کراچی سے خیبر تک ملک بھر میں کاروبار کھلے رہیں گے ۔ملک گیر نمائندہ تاجر تنظیمات نے شٹر ڈائون ہڑتال کی حمایت کا فیصلہ نہیں کیا ۔موجودہ ملکی معاشی صورتحال میں تاجروں کیلئے کاروبار بند کرنا کسی صورت ممکن نہیں

اپنے جاری ویڈیو بیان میں محمد کاشف چوھدری کا کہنا تھا کہ تاجر تنظیمات کے نام سے بغیر نام چلنے والی ھڑتال کی حمایت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔شٹر ڈائون  ہڑتال مسائل کا حل نہیں بلکہ چارٹر آف اکانومی کی تشکیل سے مسائل کا حل ممکن ہے۔

محمدکاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی افراتفری نے معیشت کو تباہی کے د ہانے پر پہنچا دیا ۔ان حالات میں ملک کسی مذید انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔سیاسی قیادتیں اپنی ذات ،انا اور اقتدار کی کشمکش چھوڑ کر ملک کی بہتری کیلئے سوچیں ۔ حکومت اور اپوزیشن مہنگائی میں کمی اور عام آدمی کی زندگی میں آسانی کیلئے راستے بنائیں ۔

کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں اور قرض و سود کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں ۔