پی پی رہنما کے گھر پر حملہ،عطا تارڑ کیخلاف مقدمہ درج،ایف آئی آر میں کیا الزامات عائد کیے گئے؟جانئے


لاہور(صباح نیوز)خانیوال ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی امیدوار میرواثق کے گھر پر حملے کا مقدمہ ن لیگ کے سیکرٹری اطلاعات عطا تارڑ سمیت 60 نامعلوم افراد کیخلاف درج کر لیا گیا۔

پولیس کو واقعے سے متعلق جمع کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ لیگی رہنما عطا تارڑ، چودھری وحید، عبدالغفار ڈوگر، سعد و دیگر ملزمان نے دروازہ توڑ کر اسلحے سمیت گھر پر دھاوا بولا، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔

ن لیگ کے حملہ آوروں نے خواتین کو بالوں سے پکڑ کا گھسیٹا، پاکستان پیپلزپارٹی مردہ باد کے نعرے لگائے اور جیالوں کو الیکشن آفس بند نہ کرنے کی صورت میں گولیاں مارنے کی دھمکیاں دیں۔

ایف آئی آر میں درخواست کی گئی ہے کہ پولیس حملے میں ملوث ملزمان کو پکڑ کر قرار واقعی سزا دے۔ مقدمہ پیپلز پارٹی امیدوار سید میر واثق کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔