حق دو تحریک گوادر کو مکران کی ماؤں بہنوں نے کامیاب بنایا،دردانہ صدیقی


گوادرصباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی ،حق دو تحریک کے قائدوجماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ حق دو تحریک کو گوادرمکران کی ماؤں بہنوں نے کامیاب بنایا اور ملک بھر کی خواتین کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں انشاء اللہ ماؤں بہنوں کی بدولت ہم اہل بلوچستان کی ماؤں بہنوں اور مظلوم عوام کو حقوق دلاکر کامیاب ہوں گے ۔بلوچستان کی خواتین وسائل وحقوق نہ ہونے کی وجہ سے دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ مظلوم وپریشانی اورمشکل میں ہے ۔مائوں بہوں اوربیٹیوں کی بدولت ہم انشاء اللہ نہ صرف گوادر مکران بلکہ پورے بلوچستان کو ظالم حکمرانوں اور ظالم اختیار قوتوں کے ظلم وجبر سے نجات دلائیں گے ظلم وجبر کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔حق دو تحریک کے مطالبات جائز برحق ہیں اور حکمرانوں نے ہر صورت ہمارے حقوق دینے ہوں گے بصورت دیگر حکمران اور بااختیارقوتوں کی لوٹ مار بھی نہیں چلنے دیں گے ۔بہت برداشت کیا اب مزیدظلم ولوٹ مار اور ناانصافی نہیں چلے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادر، اورماڑہ میں حق دو تحریک کے ساتھ اظہاریکجہتی کے جلسہ عام میں خطاب کرتے ہوئے کیا  جلسہ میں مولاناہدایت الرحمان بلوچ کی والدہ ،رشتہ دارخواتین کیساتھ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹریز عطیہ نثار،ثمینہ سعید ،جماعت اسلامی خواتین بلوچستان کی ناظمہ شازیہ عبداللہ نے بھی شرکت کی جلسہ عام میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں وبااختیارقوتوں کو عوام کی ترقی ،جان وما ل کی حفاظت کیلئے کام کرنا ہوگا لوٹ مار ،ظلم وجبر اورناانصافی بہت ہوگئی ماؤں کے جگر گوشے لاپتہ ہوئے ،نوجوانوں کو روزگار دینے کے بجائے انہیں بے روزگارکیا گیا،ساحل سمندر کے کاروبارٹرالر مافیا کے حوالے کیا گیا ۔شاہراہوں پر ایف سی چوکیاں بناکر مظلوم عوام کو گھروں ومحلوں میں محصورکیاگیا ۔تعلیمی ادارے برائے نام ،روزگار تعلیم وصحت کی سہولیات صرف اشرافیہ کیلئے محدود ہوگئی ۔غریب وکمزورطبقات پر زندہ رہنے کے دروازے بند کیے گیے ان حالات میں بھی اگر کوئی حق کیلئے آوازبلند کریں توانہیں غدار کہاگیا اس ظلم کے خلاف حق دوتحریک شروع ہوئی ہم ہر ظلم وجبر کے خلاف ہر علاقے میں جدوجہد کریں گے خواتین ہماری تحریک کا ہر اول دستہ ہیں اہل بلوچستان پر زندگی تنگ کر دی گئی انشاء اللہ اب مزید ظلم وجبر لاقانونیت اور ناانصافی مزید نہیں چلے گی انشاء اللہ حق دو تحریک ہر مظلوم مائوں بہنوں اور بھائیوں کوانصاف فراہم کرنے کی تحریک بنے گی