اسلام آباد پولیس کا افسر ملکی راز بیچنے کے الزام میں گرفتار


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) انسداد دہشتگردی سیل نے کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ملکی راز بیچنے کے الزام میں اسلام آباد پولیس کے افسر کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایف آئی اے  کے مطابق اے ایس آئی کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار پر غیرملکی سفیر سے ملاقات کی منصوبہ بندی کرکے اہم ملکی دستاویزات دینے کا الزام ہے، اے ایس آئی غیر ملکی سفیر کے ایجنٹ کے ساتھ گاڑی پر جناح ایونیو سے نامعلوم مقام پر گیا تھا جس کے بعد اے ایس آئی کو غیر ملکی سفیر کے ایجنٹ نے واپس جناح ایونیو بلیو ایریا میں اتارا، ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرکے اس سے لفافے میں 50 ہزار روپے، یو ایس بی اور اے ٹی ایم کارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔