لاپتہ شہری کیس:وفاقی حکومت نے خاندان کو 16 لاکھ روپے ادا کردئیے


اسلام آباد(صباح نیوز) ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے لاپتہ شہری عمران خان کی فیملی کو اخراجات کی مد میں 16لاکھ روپے ادا کر دئیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی دارالحکومت سے پانچ سال سے لاپتہ عمران خان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے بتایا کہ 13اگست کے آرڈر کے مطابق 16لاکھ روپے کی ادائیگی کردی گئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ کچھ ادائیگی ہوئی ہے لیکن جو بیان حلفی میں ذکر تھا مکمل نہیں ہوئی۔چیف جسٹس نے سیکریٹری انسانی حقوق کو لاپتہ شہری کی بازیابی کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑی کوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔

سیکریٹری وزارت انسانی حقوق نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے اس کیس کو پراسس کیا تھا اب میں دیکھ لیتا ہوں۔عدالت نے کیس کو دیگر لاپتہ افراد کے کیسز کے ساتھ منسلک کرکے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔