گوادر کے عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت تین سال میں ملک کو مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے سمندر میں ڈبو چکی ہے۔موجودہ حکومت عوام سے انتقام لے رہی ہے۔جنہیں امنگیں تھیں، وہ اس ناقص کاکردگی پر مایوس ہوچکے ہیں۔تین سال میں کوئی مثبت نہیں لائی جاسکی۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہبا زشریف کا کہنا تھا کہ گوادر کے عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ان کے حقوق چھینے جار ہے ہوں، یہ تبدیلی ہے ؟پاکستان کا اسٹیٹ بینک حکومت پاکستان کو قرض نہ دے، یہ تبدیلی ہے؟ بینک دولت پاکستان آئی ایم ایف کے قابو میں آجائے، اسے تبدیلی کہتے ہیں؟ تین سال میں 20 ہزار ارب روپے کا قرض ملک پر چڑھا دیا گیا، یہ ہے تبدیلی ؟ 71 سال میں جو مجموعی قرض لیا گیا، پی ٹی آئی نے 49 مہینوں میں اس کا 69 فیصد لے لیا، یہ ہے تبدیلی؟۔