پشاور(صبا ح نیوز)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے قائم مقام امیر عبدالواسع نے وزیر خزانہ کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کی طرف سے مِنی بجٹ لانے کا بیان غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر ادویات، بجلی اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔ ملک میں پی ڈی ایم کی نہیں براہِ راست آئی ایم ایف کی حکومت ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف مارچ سے حکومت کا خاتمہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ قائم مقام امیر صوبہ عبدالواسع نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہوگئے ہیں۔ نئے معاہدوں سے مہنگائی کے ایک اور ظالمانہ دور کا آغاز ہوگا۔ مارکیٹ سے ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل غائب ہوگیا ہے۔ کہیں بھی حکومت کی رِٹ نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
امن و امان کی صورتحال آئے روز خراب ہو رہی ہے اور حالات حکومت کے قابو سے باہر ہو رہے ہیں۔ سٹریٹ کرائمز میں اضافہ اور دھماکے ثابت کررہے ہیں کہ عوام کو چوروں اور تخریب کاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہے۔ جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرسکتی ہے۔ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔