اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کرکشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے ،ہندوستان اپنے ناپاک عزائم کو آگے بڑھا رہا ہے ریاست جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش پر کار بند ہے،شہ رگ دشمن سے چھڑانے کے لیے سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر مطلوبہ کردار ادا کیا جائے ،سید علی گیلانی،اشرف صحرائی تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو کشمیری ان کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جار ی رکھیں گے ،اقوام متحدہ،ا وآئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورت حال پر خاموشی کی بجائے ہندوستان کو مظالم سے رکوانے کے لیے اقدامات کرنا چاہیے ،جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیرکی حقیقی پشتیبان ہے وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر کوئی کمپرئومائز نہیں کریں گے
ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے اراکین جنرل کے 47ویں سالانہ اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان،ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر غلام نبی نوشہری،سیکرٹری جنر ل محمدتنویر انور خان،مولانا عبدالسمیع ،مولانا عبدالقادر ندیم سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ہندوستان کے تمام تر مظالم اور ریاستی دہشت گردی کے باوجو د کشمیریوں نے استقامت کامظاہر ہ کیا بیس کیمپ کی حکومت کو تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے حالیہ غیر ریاستی افراد کی تقرریاں آزادکشمیر کے آئین کے مغائر ہیں حکومت کا کوئی بھی ایسا اقدام جس سے تحریک آزادی کشمیر اور ریاستی تشخص پر آنچ آئے ہم آزادکشمیر بھر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو لے کر اسمبلی کا گھیرائو کریں گے اور وزراء کو ان کے گھروں تک محدود کردیں گے گلگت بلتستان اور آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ ہیں انہیں تحریک آزادی کی تقویت کاباعث بننا چاہیے ریاست کی وحدت اور تقسیم کشمیر کے حوالے سے اگر کوئی ایجنڈا زیر غور ہے تو اس کو اپنے ذہن سے نکال دیں ہم غازیوں اور شہداء کے وارث ہیں ایسے کسی اقدام پر مزاحمت کریں گے
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر بھر میں نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں اٹھائے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر ان کو بھرتی کرنے کا اہتمام کیا جائے ایڈہاک ازم کو ختم کیا جائے اور نوجوانوں کو بلاسود قرض فراہم کیا جائے تا کہ وہ باعزت روزگار کا اہتمام کریں
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی سڑکیں بہتر کی جائیں سیاحت کے فروغ کے لیے گیسٹ ہائوسز بنائے جائیں سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جائیں اس سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے
ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرریاں ابھی تک التوا کا شکار ہیں حکومت اس مسئلے کو فی الفور یکسو کرتے ہوئے میرٹ پر ججز تعینات کرے ہزاروں سائلیں عدالتوں میں ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اس حوالے سے حکومت اپنی آئینی ذمہ داری کو پورا کرے
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیر پر او آئی سی کا خصوصی اجلاس بلائے اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تشویشنا ک صورت حال سے آگاہ کرے اور انہیں اس بات پر آمادہ کرے کہ جب تک ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم ختم نہیں کرتا اس وقت تک او آئی سی کے رکن ممالک ہندوستان کا سیاسی،سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کریں کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہیں انہیں مسلمان ہونے کی سزاد ی جارہی ہے
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں جماعت اسلامی کی تعلیم صحت اور خدمت کے میدان میں شاندار خدمات ہیں اگر زمام کار جماعت اسلامی کے اہل قیادت کے ہاتھوں میں آئے گی تو عوام کے بنیادی مسائل دنوں میں حل ہوں گے ۔