سری نگر:جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے سرکردہ رہنما ولی محمد عادل شمالی کشمیر میں انتقال کر گئے۔کئی سال تک جیل میں رہنے والے ولی محمد عادل سوپورقصبے کے علاقے نیو کالونی میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
ان کی عمر 100 سال تھی۔ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے سخت مخالف تھے اور شہید قائدین سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی کے ساتھی بھی رہے ہیں۔مرحوم کے چھوٹے بیٹے خورشید احمد عادل کو بھارتی فوجیوں نے 90 کی دہائی کے اوائل میں گرفتارکرکے لاپتہ کردیاجبکہ ان کے بڑے بیٹے مصدق عادل حریت کے پلیٹ فارم پر حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ مرحوم رہنما کے خاندان کے کچھ افراد اس وقت آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآبادشہر میں مقیم ہیں۔
جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے رہنما مولانا غلام نبی نوشہری نے محمد عادل کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کی خدمت میں گزری ہے ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ ادھر حریت رہنماں بشمول میرواعظ عمر فاروق، غلام احمد گلزار،پروفیسر عبدالغنی بٹ، غلام محمد خان سوپوری، مختار احمد وازہ، شبیر احمد ڈار، فاروق احمد توحیدی اور حسن البنا نے ولی محمد عادل کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے لیے جنت الفردوس کی دعا کی اورلواحقین سے تعزیت کااظہارکیا ۔ انہوںنے کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔