ٹانک (صباح نیوز) ٹانک میں انسدادپولیو ٹیم پر ایک اور حملے میں سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق خیبرپختونخواکے ضلع ٹانک کے گاؤں شادہ گرہ میں دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل نذیر احمد شہید ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید اہلکار کی لاش ہسپتا ل منتقل کردی،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ڈ پٹی کمشنر ٹانک کبیر خان آفریدی کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ تین روز انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیم پر یہ دوسراحملہ ہے، گذشتہ روز بھی ٹانک کے گائوں چھدرڑ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے انسدادپولیو ٹیم پر حملہ کیا اور پولیس و ایف سی کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا، حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔