موٹروے پر ایم ٹیگ کی پابندی کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں


لاہور(صباح نیوز)موٹروے پر ایم ٹیگ کی پابندی کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

لاہور موٹر وے پولیس کا ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کو موٹر وے میں داخل ہونے سے روکا جانے لگا۔ ٹیگ لگوانے والوں کی ایم ٹیگ کے بوتھوں پر قطاریں لگ گئیں جس سے اپنی منزل پر بروقت اور ایمر جنسی میں پہنچنے والوں کے لیے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔

مسافروں نے کہا کہ جس طرف بھی جائیں وہاں لمبی لمبی قطاریں استقبال کرتی ہیں، لاہور اسلام آباد موٹر وے کے تمام بوتھ رش سے بھرے ہیں، ایک ایم ٹیگ لگوانے میں 2 سے 3 گھنٹے لگ رہے ہیں، بہت سے لوگوں کو ایمرجنسی جانا ہوتا ہے مگر اجازت نہیں دی جا رہی۔

موٹروے پولیس نے ٹول پلازوں پر رش کم کرنے کے لیے ایم ٹیگ لازم قرار دیا ہے۔ گاڑی کے سٹیکر کا سٹیٹس بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ موٹر وے پر کسی بھی ٹول پلازہ پر ایم ٹیگ بوتھ سے ٹیگ مل سکتا ہے، ایم ٹیگ کے حصول کے لیے 3 چیزیں ہونا ضروری ہے،قومی شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کی رجسٹریشن دکھانا ہو گی۔