اسلام آباد (صباح نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، لوئر دیر اور بونیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
خیبرپختونخوا کے علاقے بشام، سوات ،سیدوشریف،شانگلہ، ،بونیر،اپردیر،لوئردیر، مالاکنڈ اور چترال میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کا مرکز افغانستان تھا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سندھ کے علاقوں حیدرآباد ، کوٹری، ٹھٹھہ، جامشورو، نوری آباد، سیہون اور گردونواح میں بھی صبح 5.27منٹ پرزلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.3 ریکارڈ کی گئی
مرکز حیدرآباد کے مغرب میں 70 کلومیٹر دور تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 30 کلو میٹر تھی۔سندھ میں جس وقت زلزلہ آیا اس وقت نمازی فجر کی نماز کی تیاریوں میں مصروف تھے جب کہ شہریوں کی اکثریت زلزلے کے جھٹکے محسوس نہ کر سکی۔