میری تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں،حسان خاور


لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاورنے کہا ہے کہ میری تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استحقاق ہے کسی بھی شخص کو تبدیل کرسکتے ہیں، میری تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں، مستقبل روشن بنانے کیلئے ہم سب کو مل کر چلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی بہترین ہے، صوبائی حکومت صوبے کا تاریخی پروگرام ہیلتھ کارڈ لیکر آرہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے، میرا کام حقائق بتانا ہے، فسانوں کی دنیا میں نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کارکردگی ہمارا ثبوت ہے، پہلے کام کم اور ڈھنڈورا زیادہ پیٹا جاتا تھا۔