جموں:مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی و نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ عوام کو ہر اس پارٹی اور فرد کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحدہ ہونا چاہئے جو تقسیمی سیاست کرکے اپنے حقیر مفادات حاصل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
ضلع ادھمپور میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر نے جمو ں وکشمیر کے مفادات کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور موجودہ صورتحال اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ ہم سب اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرکے ریاست کے حقوق بحال کرنے میں متحدہ جدوجہد کریں۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے والوں نے آپ سے ووٹ حاصل کئے لیکن بعد میں آپ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ہم نے آپ کو فرقہ پرست عناصر سے ہوشیار کرنے کی بھر پور کوشش کی تھی لیکن اس وقت آپ نہیں سمجھے لیکن آج آپ لوگ بھی سمجھ گئے ہیں کہ ان لوگوں نے جموں وکشمیر کو کیسے دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ یہاں کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں ملنا تو دور کی بات، جو پرائیویٹ کمپنیاں یہاں مختلف کام کررہی ہیں وہ بھی اب اپنے ملازم یہاں تک کہ مزدور بھی باہر سے لاتے ہیں۔ ہمارے باصلاحیت، اعلی تعلیم یافتہ، انجینئرنگ ڈگری یافتہ نوجوانوں بے روزگار بیٹھے ہیںیہاں کی خصوصی پوزیشن جبری طور پر سلب کردی گئی، صوبہ جموں کے عوام کو بھی اچھی طرح معلوم پڑ گیا ہے کہ دفعہ370اور 35اے جانے سے ہمیں کتنا نقصان ہوا۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ موجودہ دورہ میں ہمیں اتحاد و اتفاق کرنے کی ضرورت ہے، ہر طبقہ اور ہر مذہب کے لوگوں کو قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا اسی صورت میں ہماری کامیابی ممکن ہے