شمالی کشمیرمیں پولیس پارٹی پر حملہ،دو اہلکار ہلاک


سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں بانڈی پورہ ضلع ہیڈکوارٹر کے مین چوک میں ایک حملے کے دوران ایس ایچ او کے حفاظتی اسکوارڈ پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس کانسٹیبل ہلاک ہوگئے۔واقعہ کے فورا علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی۔

پولیس نے بتایاکہ بانڈی پورہ ضلع کے گلشن چوک میں   شام 5بجکر 15منٹ پر گلشن چوک میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

عسکریت پسندوں نے پولیس کی ایک پارٹی کو نشانہ بنانے کی غرض سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد سلطان ولد غلام نبی ساکن مقام ڈانگر پورہ  بومئی سوپور اور کانسٹیبل فیاض احمد ولد عبدالاحد لون ساکن لالپورہ لولاب کپوارہ شدید زخمی ہوئے جنھیں فوری طور پر ضلع اسپتال منتقل کردیا گیا۔تاہم دونوں پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔

واقعہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور تلاشیاں لی گئیں۔معلوم ہوا ہے کہ سلیکشن گریڈ محمد سلطان مقامی سٹیشن ہاوس آفیسر کا ڈرائیور تھا ۔  حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔