لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن ) پنجاب کے صدر رانا ثنا للہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو بہتر الفاظ کا چناؤ کرنا چاہیے تھا، سیاسی جماعتوں کے درمیان صحت مند مقابلہ ہونا چاہئے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا للہ نے کہا کہ انتخابی جلسوں میں نعروں اور تقریروں میں اونچ نیچ ہو جاتی ہے، آصف زرداری سینئر سیاستدان ہیں انہیں بہتر الفاظ کا چناؤ کرنا چاہئے تھا۔ تقریباً پانچ روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت بڑھائی گئی، اس نااہل اور نالائق ٹولے کو نہ ہٹایا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 200 تک پہنچ جائے تو ملک کی معیشت کا کیا ہوگا؟ غریب اور تنخواہ دار کس طرح گزارہ کریں گے، یہ نااہل ٹولہ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے، عوام باہر نکلیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان صحت مند مقابلہ ہونا چاہئے، پیپلزپارٹی کے پنجاب میں منظم ہونے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اس نااہل حکومت کو مسلط کیا وہ بھی خدا کا خوف کریں، قوم پر رحم کریں، جس طرح اس حکومت کو مسلط کرانے میں مدد کی ہے اب نجات میں عوام کی بھی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی آواز پر کان دھریں اور حکومت کیخلاف کھڑے ہوجائیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب ہی یہ ہے کہ عوام جسے چاہیں ووٹ دیں۔