چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الہی کی پارٹی رکنیت معطل کردی

اسلام آباد  (صباح نیوز) مسلم لیگ ق کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے سے متعلق بیان پر پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الہی کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔

صدر مسلم لیگ ق شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الہی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ق لیگ کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کے بیان پر وضاحت مانگتے ہوئے کہا کہ کیسے صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم کرسکتا ہے۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں کر سکتا، آپ سے آپ کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت مانگی جاتی ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق ق لیگ چوہدری شجاعت حسین کے نام رجسٹرڈ ہونے کے باعث پی ٹی آئی میں ضم نہیں ہوسکتی۔ چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے۔علاوہ ازیں

 پاکستان مسلم لیگ ق نے مونس الہی، حسین الہی اور کامل علی آغاز کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کردیے۔ نوٹسز ق لیگ کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مونس الہی، حسین الہی اور کامل آغا کسی جماعت میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، یہ نشستیں اور  عہدے آپ کے پاس مسلم لیگ ق کی امانت ہیں، آپ کا یہ اقدام غیر آئینی ہوگا، آپ کسی اور جماعت میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو اسمبلی اور سینیٹ سے مستعفی ہوں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مستعفی نہیں ہوں گے تو ڈی سیٹ کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔نوٹس میں تینوں کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کیلئے 7 روز کا وقت دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت کی جانب سے چوہدری پرویز الہی کو بھی شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور ان کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔