نااہل اور کرپٹ قیادت کی وجہ سے ملک روز بروز دلدل میں دھنستا جا رہا ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ نااہل اور کرپٹ قیادت کی وجہ سے ملک روزبروزدلدل میں دھنستا جا رہا ہے حکمران اہل بلوچستان کوخیرات نہیں انصاف،تعلیم ،روزگار فراہم کرکے بنیادی حقوق دیکر ترقی ،خوشحالی کیلئے عملی کردار ادا کریں۔ ملک میں سستی بجلی پیدا کرنے کے وافر ذرائع موجود ہونے کے باوجود درآمدی فیول کے کارخانے لگائے گئے۔ پانی، ہوا اور شمسی توانائی سے سستی بجلی پیدا ہو سکتی ہے ملک کو قرضوں کے دلدل میں پھنسانے ، مہنگائی برپاکرکے پاکستان کو دیوالیہ کرنے والوں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ گیس بجلی مہنگی کرنے کی بجائے بجلی ،گیس کی چوری، مفت خوری اور لائن لاسز پر قابو پایا جائے۔حکمران گیس،  بجلی،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں اشیائے خورونوش عوام کی پہنچ تک لائی جائیں ۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہر آمریت ،لاقانونیت ،مہنگائی ،بدامنی کے خلاف اورلاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دھرنے واحتجاج کیے ہیں۔الیکشن کو متنازعہ بنانے والے لٹیروں نے جماعت اسلامی کا راستہ بھی پارلیمنٹ سے رکھوادیا۔ قرض حکمرانوں نے لیے، واپسی کے لیے غریبوں کا خون نچوڑا جا رہا ہے، قرضے لینے والوں کے اثاثے بیچ کر ملک کا قرض اداکریں گے ۔بلوچستان میں عوام دووقت کی روٹی،روزگاروترقی اوربنیادی حقوق کے حصول کے محتاج ہیں۔ ہماری لڑائی ظلم و جبر، مہنگائی کے خلاف ہے۔ 76سال گزرنے کے بعد یہاں انگریزکا قانون جاری ہے۔ مافیاز حکمران پارٹیوں کا حصہ ہیں،مافیازنے حکمرانوں لٹیروںسے ملکر بحران پیدا کیے اورپھرسب نے ملکر ہر بحران سے خوب فائدہ اٹھایا، ملک کی ہر تباہی کے پیچھے ان مافیازکا ہاتھ ہوتا ہے۔

چینی، آٹا کی قلت یا ادویات کی قلت کا بحران آئے، یہ کرپٹ مافیا اربوں کماتا ہے اور غریب دو وقت کی روٹی کو ترستا ہے، اشرافیہ اور مافیا کے گھروں سے ڈالر برآمد ہو رہے ہیں، ان ظالموں پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالا، درحقیقت مافیاز حکمران جماعتوں پر سرمایہ کاری کرتا ہے اور بعد میں ڈبل قیمت وصول کرتا ہے۔ بلوچستان میں بے روزگاری سب سے زیادہ ہے، صوبہ میں معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، پھر کیا وجہ ہے کہ یہاں عوام کا سب سے زیادہ استحصال ہو رہا ہے، صوبہ کے لوگوں نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کا ساتھ دیا، مگر یہاں سب سے زیادہ بدامنی، غربت اور پسماندگی ہے۔ صوبے کے عوام کو امن چاہیے، یہاں کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کیے جائیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر صوبے کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے گی