اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا ویکسین کی 13کروڑڈوزز لگائی جاچکی ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، اس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آ رہی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 34 ویں نمبر پر آ چکا ہے، جبکہ اب تک 13 کروڑ سے زائد اس کی ویکسین کی ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(ین سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 313 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 9 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 لاکھ 27 ہزار 596 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 13 کروڑ 1 لاکھ 7 ہزار 583 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 5 کروڑ 45 لاکھ 56 ہزار 748 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔