اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدرشیری رحمان نے کہا ہے کہ آصف زرداری پر بغیر ثبوت ریفرنس بنائے گئے، نیب اور حکومت گٹھ جوڑ اب بے نقاب ہو چکا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس ہمارے موقف کی تائید ہے، پیپلز پارٹی بھی یہی سوال کرتی ہے، جب ثبوت نہیں تو ریفرنس کس کے کہنے پر بنائے جاتے ہیں ؟ تعجب کی بات ہے کہ عدالت ثبوت مانگ رہی، نیب کے پاس ان کے خلاف ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کیوں نہیں کئے جاتے؟۔
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری 12 سال جیل کاٹ چکے، گزشتہ 3 سال سے جیل اور پیشیوں کا سامنا کر رہے ہیں، نیب کے پولیٹیکل انجینئرنگ کے چرچے نا صرف عدالتیں بلکہ عالمی ادارے بھی کر چکے ہیں۔