گرین لائن منصوبے سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں،شاہد خاقان


کراچی(صباح نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گرین لائن منصوبے سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں۔

احتساب عدالت کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو تختیاں لگانے اور افتتاح کرنے کا شوق ہے، گرین لائن منصوبے سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، تین ماہ کا کام ساڑھے تین سال میں مکمل ہوا، ملک میں اس وقت جمہوریت ہے نہ پارلیمان۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو کارروائی براہ راست دکھائی جائے، اپوزیشن کو دبانے کیلئے جھوٹے ریفرنس بنائے جاتے ہیں، سب عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ کیا چیئرمین نیب کو جعلی ریفرنسز بنانے کا جواب نہیں دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب ڈیلی ویجز پر کام کرتے ہیں، نام نہاد احتساب کرنیوالوں کا بھی احتساب دیکھیں گے، ایک نہ ایک دن انصاف ضرور ہوگا۔