اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پشاور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے ارشد عزیز ملک کو صدر، رضوان شیخ کو نائب صدر، عرفان موسی زئی کو جنرل سیکرٹری، طیب عثمان کو جوائنٹ سیکرٹری، عماد وحید کو سیکرٹری خزانہ منتخب ہونے اور مجلس عاملہ کے دیگر ارکان کو کامیابی پر مبارکباد دی۔
پشاور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے نام اپنے تہینتی پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پریس کلب کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پشاور پریس کلب کی نئی باڈی حسب توقع پریس کلب اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی صلاحیتیں اور توانائی صرف کرے گی۔ وفاقی وزیر نے پشاور پریس کلب کی نئی باڈی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا ہے ۔