صوبائی اسمبلی کے سامنے آٹے کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف (پیر کو)بھرپور احتجاج کریں گے،عبدالواسع

پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ آٹے اور لوڈ شیڈنگ کے معاملے میں امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی اور گیس پیدا کررہا ہے، لیکن صوبے میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ  پنجاب میں آٹے کی قیمت کم ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار روپے سے بڑھ گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے، آٹا اور گندم پنجاب سے آتے ہیں، وہاں بھی تحریک انصاف برسرِ اقتدار ہے۔ آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کوئی بھی صوبہ تجارت پر قدغن نہیں لگا سکتا لیکن پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر غیر اعلانیہ پابندی لگائی گئی ہے۔ آٹا ڈیلرز نے بھی وزیراعلی سے ملاقات میں بتایا کہ پنجاب سے آٹا لاتے ہوئے بھاری رشوت دینی پڑتی ہے۔ مہنگائی نے سب کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ غریب کیا اب تو امیر اور سفید پوش طبقہ بھی پریشان ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا ہے اور اس کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ پیر 9 جنوری کو احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں صوبائی اسمبلی کے سامنے آٹے کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ 11 جنوری کو ملاکنڈ ڈویژن، 12 جنوری مردان ڈویژن، 13 جنوری ہزارہ ڈویژن اور 14 جنوری جنوبی اضلاع کے ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

عبدالواسع نے کہا کہ حکومت نے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ ظلم کا رویہ اپنا رکھا ہے۔ ہماری باپردہ مائیں بہنیں آٹے کے حصول کے لیے خوار ہو رہی ہیں۔ پی ٹی آئی سیاسی فائدے کی لیے اپنے ورکرز کے ذریعے آٹا تقسیم کررہی ہے۔ یہ سراسر ظلم ہے، جماعت اسلامی اس کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ اس وقت صرف جماعت اسلامی ہی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے اور سب کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس بے داغ اور ملک کو چلانے والی قیادت موجود ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اپنے اپنے اضلاع میں اس ظلم کے خلاف سڑکوں پر آئیں اور جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ مہنگائی کے ذمہ داروں پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سے نجات حاصل کریں گے تو ملک ترقی کرے گا ۔