نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی ایک سماجی ظلم اور بہت بڑی معاشرتی برائی ہے، کرپشن کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ماضی میں وسائل لوٹنے والے بااثر مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا، ماضی میں ہونے والی بے حساب کرپشن نے ملک کا بیڑا غرق کیا، مگرمچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا، اینٹی کرپشن کو آزاد ادارہ بنایا ہے جس سے ادارے میں بے پناہ بہتری آئی ہے، ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے نیک نیتی و ایمانداری سے آگے بڑھیں گے۔