سموگ کیخلاف کیس، تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا تحریری حکم جاری


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے خلاف کیس میں سکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی جانب سے سموگ کے خلاف کیس کا تحریری حکم جاری کردیا گیا ہے جو کہ دو صفحات پر مشتمل ہے۔تحریری حکم کے مطابق عدالت نے سموگ سے بچائو کے لئے سکولوں اور کالجوں کی چھٹیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا تحریری حکم دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ اداروں کو سکولوں، کالجز اور تمام تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن جلد جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔عدالت نے اپنے تحریری حکم میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو متعلقہ اداروں کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے تحریری حکم میں محکمہ ماحولیات کو آلودگی کے خاتمے کے لئے رولز جلد وضع کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے مزید سماعت دو جنوری تک ملتوی کردی۔

گزشتہ روز عدالتِ عالیہ نے سموگ کے باعث اسکولوں اور کالجوں کی چھٹیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا حکم دے دیا تھا۔