آبی تنازع، انڈس واٹر کمیشن کا بھارت کو خط، پکل ڈل اور کیرو پراجیکٹ پر جواب مانگ لیا


لاہور(صباح نیوز)پاک بھارت آبی تنازع کے معاملے پر انڈس واٹر کمیشن نے ایک بار پھر بھارت کو خط لکھ کر پکل ڈل اور کیرو پاور پراجیکٹ کے متعلق اعتراضات پر جواب مانگ لیا۔

پکل ڈل ڈیم اور کیرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر تعمیر ہیں ،ان پراجیکٹس سے دریائے چناب میں پانی کا بہائو کم ہوجائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پکل ڈل سے ایک ہزار میگاواٹ اور کیرو پاور پراجیکٹ کی پیداواری صلاحیت 624 میگاواٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک بھارت آبی مذاکرات میں یہ دونوں منصو بے سرفہرست ہوں گے، بھارت نے گزشتہ اجلاس میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ بھارت ہمارے ساتھ واٹر ڈیٹا شیئرنگ کررہا ہے اور بھارت سے آئندہ میٹنگ مارچ سے پہلے متوقع ہے، بھارتی وفد مذاکرات کے لیے پاکستان آئے گا۔

انڈس واٹر کمشنر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کی ہے، امید ہے عالمی بینک بطور تھرڈ پارٹی ہمارے موقف کو تسلیم کرے گا۔